نئی دہلی، 30 دسمبر (ایس او نیوز؍یواین آئی)بھوٹان کے وزیر اعظم لوٹے شیرنگ نے آج کانگریس کے صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ وہ ہندوستان کے سہ روزہ دورے پرہیں۔ گاندھی نے سوشیل میڈیا پر اس ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطے میں سیاسی حالات اور مختلف مسائل پر گفتگو کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو وقت کی کسوٹی پرکھرا بتاتے ہوئے لکھا کہ ہندوستان اور بھوٹان ایک ہی وراثت کے شراکت دار ہیں۔ محض ہماری شاندار تاریخ نہیں، خطے کے لئے بہتر مستقبل کی تعمیر کی امید بھی ہمیں مربوط کرتی ہے ۔ کانگریس کے صدر نے کہاکہ بھوٹان کے وزیر اعظم لوٹے شیرنگ کے ساتھ آج میری ملاقات بہت اچھی رہی۔ ہم نے خطے کے سیاسی حالات کے ساتھ مشترکہ مفاد کے دیگر مسائل پر گفتگو کی۔ میں مستقبل میں بھی گفتگو جاری رہنے کی امید رکھتا ہوں۔